نئی دہلی: 28 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوارگوتم گمبھیر نے عام آدمی پارٹی کی امیدوارمحترمہ آتشی پر منفی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس انتخابات میں کوئی مثبت موضوع نہیں ہے۔مسٹر گوتم نے محترمہ آتشی کی طرف ان کے خلاف مجرمانہ شکایت درج کرائے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر آج یہاں نامہ نگاروں سے کہاہے کہ جب کسی پارٹی یا لیڈر کا ویڑن یا نقطہ نظر نہیں ہوتا تو وہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اس طرح کے الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منفی سیاست ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس طرح کی کسی بھی شکایت پر الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرناہے۔محترمہ آتشی نے دعویٰ کیاہے کہ مسٹرگوتم گمبھیرکے پاس دوووٹرکارڈہیں اوراسے لے کر انہوں نے بی جے پی امیدوارکے خلاف مجرمانہ شکایت درج کرائی ہے۔ آپ لیڈر نے بغیر اجازت کے ریلی کرنے کو لے کر بھی مسٹر گمبھیر کی شکایت کی ہے اورکہاہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ادھر بی جے پی لیڈر نے کہا ہے کہ وہ انتخابی مہم میں تمام طریقہ کار پر عمل کر رہے ہیں اور آپ کو مایوسی میں بے وجہ شکایت کر رہی ہے کیونکہ اس کے لیڈروں کے پاس اور کوئی کام نہیں ہے۔آپ لیڈرنے دعویٰ کیاہے کہ مسٹر گمبھیر کا نام قرول باغ اور راجندر نگر دونوں اسمبلی حلقوں میں ووٹر کے طور پر درج ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 17 کے مطابق، کوئی شخص دو اسمبلی سیٹوں سے ووٹر نہیں ہو سکتا۔ ایکٹ کی دفعہ 31 میں التزام ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام کے بارے میں غلط معلومات دینے پر ایک سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔آپ امیدوار نے کہا ہے کہ نامزدگی کے وقت الیکشن افسر کو دیئے گئے حلف نامہ میں مسٹر گوتم گمبھیر نے یہ معلومات چھپائی ہیں کہ ان کا نام قرول باغ اسمبلی حلقہ میں بھی ووٹر کے طور پر درج ہے۔ حلف نامے میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے ووٹر ہیں۔اس معاملے میں آپ امیدوار نے مجرمانہ شکایت درج کرائی ہے۔محترمہ آتشی نے ٹوئٹ کرکے مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ کے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسٹر گمبھیر کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں کیونکہ دو ووٹر شناختی کارڈ کی وجہ آج نہیں تو کل ان کے انتخابات منسوخ ہونے ہیں۔